ممبئی 26/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی) معروف فلمی اداکارہ 54 سالہ سری دیوی، جن کی دبئی میں گذشتہ روز موت واقع ہوگئی تھی، اُس کی فورنسیک رپورٹ نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ اُس کی موت دل کا دورہ پڑنے سے نہیں بلکہ حادثاتی طور پر ڈوبنے سے ہوئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ دبئی پولس نے فورنسیک رپورٹ جاری کی ہے اور یہ رپورٹ ان کے لواحقین اور انڈین قونصل خانے کو فراہم کی گئی ہے۔جس میں کہا گیا ہے کہ اداکارہ کے خون میں الکوحل کے اثرات پائے گئے، جس کے زیراثر وہ توا زن برقرار نہیں رکھ سکیں اور باتھ ٹب میں گر کر ڈوب گئیں۔ توقع کی جارہی تھی کہ آج رات تک ان کی نعش ممبئی پہنچے گی، مگر بتایا گیا ہے کہ فورنسیک رپورٹ میں حادثاتی موت کا انکشاف ہونے کے بعد نعش کی انڈیا منتقلی کی کاروائی میں تاخیر ہونے کے امکانات ہیں۔ اس سے قبل کہا جارہا تھا کہ ان کی نعش آج پیر کو ممبئی پہنچے گی، مگر کاغذی کاروائی مکمل نہ ہونے کی وجہ سے تاخیر ہورہی ہے۔
سری دیوی اپنی فیملی کے ہمراہ اپنے بھتیجے کی شادی کے سلسلے میں دبئی گئی تھیں اور ایک ہوٹل میں قیام پذیر تھیں۔لیکن 25 اور 26 فروری کی درمیانی شب ہوٹل کے باتھ روم میں وہ مردہ حالت میں پائی گئیں ،لاش کو جب اسپتال منتقل کیا گیا تو ابتدائی طور پر ڈاکٹروں نے ان کی موت کی وجہ حرکت قلب بند ہونا بتائی تھی۔ مگر اب فورنسیک رپورٹ آنے کے بعد کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ہوٹل کے غسل خانے میں بےہوش ہونے کے بعد باتھ ٹب میں موجود پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوئیں۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق سری دیوی کی نعش کو صنعتکار انیل امبانی کے نجی طیارہ پر اب ممبئی لایا جائے گا، جس کے لئے طیارہ ادکارہ کی لاش لینے دبئی پہنچ چکا ہے۔سری دیوی کی میت دبئی پولیس کی تحویل میں ہے اور اسے مردہ خانے میں رکھا گیا ہے۔
کہا گیا ہے کہ تمام کاغذی کاروائیاں مکمل ہونے کے بعد لاش بھارتی سفارتخانے کے حکام کے حوالے کی جائے گی،متوفیہ کے پاسپورٹ کی منسوخی اور ڈیتھ سرٹیفیکٹ کے اجراء کے بعد لاش ممبئی منتقل کی جائے گی۔
1980 کی دہائی میں بالی وڈ پر راج کرنے والی سری دیوی کی آخری رسومات کی تیاریاں ممبئی کے ولے پارلے میں شروع ہوگئی ہیں، وہاں فوگنگ مشین کا استعمال کیا جارہا ہے اور صاف صفائی بھی چل رہی ہے، ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق سری دیوی بالی ووڈ کی پہلی خاتون سوپر اسٹار ہیں جن کا دوبئی میں انتقال ہوا ہے۔